اسسٹنٹ کمشنر خان پور کے حکم پر خانپور پولیس نے جھیل پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا

اسسٹنٹ کمشنر خان پور جنید خالد کے حکم پر خانپور پولیس نے خانہ پور جھیل پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

ہری پور۔ 6 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر خان پور جنید خالد کے حکم پر خانپور پولیس نے خانہ پور جھیل پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی جو حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کر رہے تھے۔ ترجمان ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ لائف جیکٹ کے بغیر جھیل، ڈیم، نہروں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانا یا تیراکی کرنا دفعہ 144 کے تحت ممنوع ہے، ان پابندیوں کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور حادثات کی روک تھام ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر جنید خالد نے خبردار کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ایسے آپریشنز بلاامتیاز جاری رہیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ تمام مقامی شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کرتی ہے کہ دفعہ 144 کی مکمل پابندی کریں، لائف جیکٹ کے بغیر کسی بھی آبی ذخیرے میں نہ اتریں اور اپنی و دوسروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔