ایم پی اے ایبٹ آباد کا چیئرمین خیبر پختونخوا ویمن کمیشن کے ہمراہ گرلز ہائی سکول سمندر کٹھہ کا دورہ

رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ایبٹ آباد آمنہ سردار کی دعوت پر خیبر پختونخوا ویمن کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس اور کمیشن کی رکن ریحانہ اسماعیل نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سمندر کٹھہ کا دورہ کیا

ایبٹ آباد۔ 6 جولائی (اے پی پی):رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ایبٹ آباد آمنہ سردار کی دعوت پر خیبر پختونخوا ویمن کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس اور کمیشن کی رکن ریحانہ اسماعیل نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سمندر کٹھہ کا دورہ کیا جہاں سکول کی پرنسپل نے ادارہ میں ہونے والی نمایاں بہتری پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق آمنہ سردار کی خصوصی توجہ، ان کے خاندان اور مقامی کمیونٹی کے تعاون سے سکول میں کمپیوٹر لیب، واش رومز، عمارت، کھیل کے میدان اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا گیا جبکہ طالبات کیلئے سکالرشپس اور دیگر تعلیمی معاونت بھی فراہم کی گئی۔ ویمن کمیشن کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس نے آمنہ سردار، ان کے خاندان اور مقامی کمیونٹی کی ان قابلِ تحسین کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی خدمت، اجتماعی ذمہ داری اور تعلیم سے حقیقی وابستگی کی بہترین مثال ہے، سرکاری تعلیمی اداروں میں موثر اور پائیدار تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر علاقوں میں بھی ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے تاکہ سرکاری سکولوں کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔ اس موقع پر آمنہ سردار نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری ہی مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، سرکاری سکول ہمارے اپنے ادارے ہیں اور ان کی بہتری حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرہ کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے، اگر ہم سب مل کر اپنے تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے کا عزم کریں تو آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے۔

آمنہ سردار نے ڈاکٹر سمیرا شمس اور خیبر پختونخوا ویمن کمیشن کی رکن صوبائی اسمبلی ریحانہ اسماعیل کا دورہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اداروں کی ترقی اور بہتری کیلئے آپ جیسے مخلص اور باصلاحیت افراد کی رہنمائی، سرپرستی اور موثر نگرانی (چیک اینڈ بیلنس) نہایت ضروری ہے، ایسے دورہ نہ صرف اداروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ مزید بہتری کیلئے نئی راہیں بھی متعین کرتے ہیں۔ آمنہ سردار نے کہا کہ سکول کی پرنسپل کی انتھک کاوشوں، اساتذہ اور تمام عملہ کے بھرپور تعاون سے یہ تبدیلی ممکن ہوئی، یہ ایک بہترین ٹیم ورک کی مثال ہے اور ہم اسی جذبہ، باہمی تعاون اور عزم کے ساتھ اپنے علاقہ کی ترقی اور تعلیمی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔