پی جی ایف اسلام آباد جونیئر ایمچور گالف چیمپئن شپ 2026 کا کامیاب انعقاد

پی جی ایف اسلام آباد جونیئر ایمچور گالف چیمپئن شپ 2026 کا کامیاب انعقاد

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے زیر اہتمام اسلام آباد کلب گالف کورس میں جونیئر ایمچور گالف چیمپئن شپ 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تین روزہ چیمپئن شپ 3 سے 5 جولائی تک جاری رہی جو 54 ہولز (سٹروک پلے) فارمیٹ پر کھیلی گئی۔ اس باوقار ایونٹ میں ملک بھر سے 72 جونیئر گالفرز نے مختلف عمر کی کیٹیگریز میں حصہ لیا اور کھیل کے اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور سپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ملک محمد کامران کی زیر نگرانی منعقدہ اس ایونٹ کے دوران اسلام آباد کلب کے اراکین کی جانب سے چھوٹی عمر کے گالفرز کے عزم اور ہمت کی زبردست پذیرائی کی گئی۔

چیمپئن شپ کے حتمی نتائج کے مطابق کیٹیگری اے میں محمد ارتضیٰ حسین نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ حمزہ وحید دوسرے اور زید عمر تیسرے نمبر پر رہے۔ کیٹیگری بی میں سعدحبیب نے میدان مار لیا، محمد رضا دوسرے اور مصطفی زبیر تیسرے نمبر پر آئے۔کیٹیگری سی میں عبدالرحیم عثمان فاتح قرار پائے، مبین اکرم نے دوسری اور محمد موسیٰ عادل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح گرلز چیمپئن شپ کے مقابلوں میں رامین امین نے پہلی، زر مینہ خان نے دوسری جبکہ ورشہ شاہد نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

چیمپئن شپ کے اختتام پر ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں اور ان کے والدین نے پرجوش شرکت کی اور ایک بہترین خاندانی ماحول دیکھنے کو ملا۔ تقریب کے مہمان خصوصی عامر صالح عباسی نے پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستان گالف فیڈریشن کا کہنا تھا کہ ایسی جونیئر چیمپئن شپس گالف کے کھیل کے روشن مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہیں اور کھلاڑیوں و والدین کا یہ شاندار جذبہ پاکستان میں گالف کے فروغ کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان گالف فیڈریشن کی جانب سے اسلام آباد کلب انتظامیہ، کھلاڑیوں، کوچز اور تمام معاونین کا ایونٹ کو کامیاب بنانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔