سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،جس کے سلسلے میں لاہور ڈویژن کے کرکٹ ٹرائلز منعقد کئے گئے۔
سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری

مزید خبریں
لاہور۔9جولائی (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،جس کے سلسلے میں لاہور ڈویژن کے کرکٹ ٹرائلز منعقد کئے گئے۔ٹرائلز میں 200 سے زائد کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جبکہ قومی کرکٹرز کامران اکمل اور اعزاز چیمہ نے امیدواروں کے ٹرائلز لئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے ٹرائلز کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کے کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے صوبے بھر کے تمام ڈویژنز میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
محمد طارق قریشی نے بتایا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ میں مردوں کی 12 جبکہ خواتین کی4 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹرز بھی شرکت کریں گے،جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ ٹرائلز کے موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر لاہور طارق خانزادہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم نعیم بھی موجود تھے۔








