امریکا میں 1,400 سے زائد پاکستانی ڈاکٹروں کو ریزیڈنسی پروگرامز میں داخلہ مل گیا

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے کہا ہے کہ رواں سال 1,400 سے زائد پاکستانی میڈیکل گریجویٹس نے امریکا کے مختلف ریزیڈنسی پروگرامز میں کامیاب داخلہ حاصل کیاجوپاکستان کے طبی تعلیمی نظام کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مسابقت اور معیار کا مظہر ہے۔کونسل کے مطابق یہ کامیابی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتی …

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے کہا ہے کہ رواں سال 1,400 سے زائد پاکستانی میڈیکل گریجویٹس نے امریکا کے مختلف ریزیڈنسی پروگرامز میں کامیاب داخلہ حاصل کیاجوپاکستان کے طبی تعلیمی نظام کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مسابقت اور معیار کا مظہر ہے۔کونسل کے مطابق یہ کامیابی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔

طبی تعلیم کے معیار میں بہتری، نصاب کی جدید خطوط پر تشکیل، صلاحیت پر مبنی تعلیم، بہتر ریگولیٹری نظام اور کلینیکل تربیت کو مضبوط بنانے سے پاکستانی گریجویٹس بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال امریکی ریزیڈنسی پروگرامز میں منتخب ہونے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہےجو نوجوان ڈاکٹروں کی بہتر تیاری، کلینیکل مہارت اور پیشہ ورانہ اعتماد کا ثبوت ہے۔کونسل کے مطابق اس کی اصلاحات کا بنیادی مقصد طبی تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا، معیار کی نگرانی کو مؤثر بنانا اور کلینیکل تربیت کو مزید مضبوط کرنا ہے، تاکہ پاکستانی ڈاکٹر دنیا کے بہترین طبی نظاموں میں کامیابی سے خدمات انجام دے سکیں۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کےصدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس کامیابی کو قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ، اساتذہ، طبی اداروں اور کونسل کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والا ہر پاکستانی ڈاکٹر ہمارے طلبہ کی محنت، اداروں کے عزم اور طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی اصلاحات کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے، اداروں کی معاونت اور پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے عالمی سطح پر مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

کونسل کے مطابق پاکستانی ڈاکٹروں کی بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی کامیابیاں نہ صرف ملک کی طبی برادری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہیں بلکہ عالمی شعبۂ صحت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔