حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی۔ 11 جولائی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے مون سون، سیلاب، ہیٹ ویوز اور دیگر موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان موثر ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہفتہ …

کراچی۔ 11 جولائی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے مون سون، سیلاب، ہیٹ ویوز اور دیگر موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان موثر ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مون سون 2026 کے لیے سندھ کی تیاریوں، ابھرتے ہوئے موسمیاتی خطرات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی، بروقت فیصلے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم کا آغاز پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور حقیقی وقت کے موسمیاتی، آبی اور جغرافیائی ڈیٹا کی مدد سے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام سے انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے اور املاک کے تحفظ میں نمایاں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، اچانک سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی اور طویل خشک سالی جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے، ایسے حالات میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور موثر رابطہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل، مشینری اور امدادی اقدامات کو ہر وقت فعال رکھا جائے گا تاکہ عوام کی جان و مال کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔