پاکستان کی صفِ اول کی ڈیجیٹل سروس کمپنی جاز ورلڈ اور پاپولیشن کونسل پاکستان نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر دو سالہ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں ،اس شراکت داری کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستند معلومات تک رسائی بڑھانا، صحت کے بہتر مواقع کو فروغ دینا اور پاکستان بھر میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا …
جاز ورلڈ اور پاپولیشن کونسل پاکستان کا ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ کے لیے اشتراک

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان کی صفِ اول کی ڈیجیٹل سروس کمپنی جاز ورلڈ اور پاپولیشن کونسل پاکستان نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر دو سالہ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں ،اس شراکت داری کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستند معلومات تک رسائی بڑھانا، صحت کے بہتر مواقع کو فروغ دینا اور پاکستان بھر میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔ یہ اشتراک اس مشترکہ عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان کی خواتین اور نوجوانوں کو مستند معلومات، ڈیجیٹل سہولیات اور نئے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
پاکستان میں نوجوان آبادی میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر قابلِ اعتماد معلومات اور ڈیجیٹل مواقع تک رسائی فراہم کرنا نہایت اہم ہے تاکہ نوجوانوں کی یہ بڑی آبادی ملک کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکے۔ اس تعاون کے تحت جاز ورلڈ کی وسیع ڈیجیٹل رسائی اور صارفین سے رابطے کی صلاحیت کو پاپولیشن کونسل پاکستان کے تحقیقی اور ترقیاتی تجربے کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔اس کے ذریعے ایسےاقدامات تیار کیے جائیں گے جن سے ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ ملے، خواتین اور نوجوان بااختیار ہوں، تولیدی اور زچگی سے متعلق مستند معلومات تک رسائی میں اضافہ ہو اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کی معاونت کی جا سکے۔
ابتدائی مرحلے میں اشتراک کے اہم شعبوں میں ملک گیر ڈیجیٹل آگاہی اقدامات، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی اختراعی مقابلے، مشترکہ تحقیقی منصوبے اور زچگی کی صحت، تولیدی صحت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے سے متعلق ڈیجیٹل سرگرمیاں شامل ہوں گی۔اس موقع پر جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ ہماری ذمہ داری صرف لوگوں کو رابطے کی سہولت فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ انہیں علم، مواقع اور ایسی خدمات تک رسائی دینا بھی ہے جو ان کی زندگی کو بہتر بنائیں۔پاپولیشن کونسل پاکستان کی تحقیقی مہارت کو جاز ورلڈ کی ڈیجیٹل رسائی کے ساتھ یکجا کر کے ہم لاکھوں پاکستانیوں کو بہتر اور باخبر فیصلے کرنے، صحت کے بہتر نتائج حاصل کرنے اور خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
ہم مل کر ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرتی مسائل کے مؤثر حل پیش کرتے ہوئے ‘بیٹر لائف فار آل ‘کے اپنے مقصد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔پاپولیشن کونسل پاکستان کی کنٹری ایڈوائزر ڈاکٹر زیبہ ستار نے کہا کہ پاپولیشن کونسل پاکستان کا ہمیشہ سے یہ یقین رہا ہے کہ تحقیق، جدت اور مضبوط شراکت داریاں ترقی کے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہ تعاون ہمیں اپنی ترقیاتی مہارت کو جاز ورلڈ کی وسیع ڈیجیٹل رسائی کے ساتھ ملا کر لاکھوں پاکستانیوں تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ہماری توجہ بالخصوص خواتین اور نوجوانوں پر ہے، خاص طور پر وہ افراد جو پسماندہ علاقوں میں رہتے ہیں۔ ہم ان میں آگاہی پیدا کرنے، مستند معلومات فراہم کرنے اور انہیں ایسے عملی حل سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہیں جو ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مستقبل میں ان کے کردار کو بھی مضبوط بنائیں۔یہ شراکت داری جاز ورلڈ کے اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی، باہمی تعاون اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بڑے پیمانے پر معاشرتی مسائل کا مؤثر حل پیش کرتے ہوئے ‘بیٹر لائف فار آل ‘کے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنائے۔







