چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی یومِ آبادی نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، اس سال کا موضوع ’’آج اور مستقبل میں نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو حقیقت کا روپ دینا‘‘ اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے …
چیئرمین سینیٹ کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی یومِ آبادی نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے، اس سال کا موضوع ’’آج اور مستقبل میں نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو حقیقت کا روپ دینا‘‘ اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنایا جائے۔
ہفتہ کوعالمی یومِ آبادی کے موقع پراپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، فنی مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے مناسب مواقع کے ذریعے نوجوانوں کو معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کا محرک بنایا جا سکتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتاراضافہ تعلیم، صحت، روزگار، آبی وسائل اور دیگر عوامی خدمات پر دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے مؤثر آبادیاتی منصوبہ بندی، خاندانی بہبود کے بارے میں آگاہی، ماں اور بچے کی صحت کے بہتر انتظامات اور انسانی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے آبادی میں توازن، نوجوانوں کے استحکام، صنفی مساوات اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لیے پارلیمان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےنوجوانوں کے روشن اورخوشحال مستقبل کے لیے تمام متعلقہ اداروں، سول سوسائٹی اور دیگر شراکت داروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔







