یورپی یونین کے اشتراک سے 12 لاکھ یورو مالیت کا ایک نیا منصوبہ’’منزل ‘‘شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو روزگار، کاروباری مواقع، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور کمیونٹی قیادت کے لیے بااختیار بنانا ہے۔
یورپی یونین کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 12 لاکھ یورو کا منصوبہ، روزگار، موسمیاتی اقدامات اور قیادت کے فروغ پر توجہ مرکوز

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):یورپی یونین کے اشتراک سے 12 لاکھ یورو مالیت کا ایک نیا منصوبہ’’منزل ‘‘شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو روزگار، کاروباری مواقع، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور کمیونٹی قیادت کے لیے بااختیار بنانا ہے۔لاہور اور کراچی میں شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت راولپنڈی، لاہور، میرپورخاص اور سانگھڑ میں تقریباً 4 ہزار مستحق نوجوان خواتین و مردوں کو براہِ راست معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ 40 نوجوانوں کی قیادت میں قائم تنظیموں کی استعداد کار بھی بڑھائی جائے گی۔منصوبے پرعملدرآمد ناروین چرچ ایڈ (NCA)، سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام (سی ایس ایس پی) اور شراکت فاؤنڈیشن کےاشتراک سے کیا جا رہا ہےجبکہ مالی معاونت یورپی یونین فراہم کر رہی ہے۔
منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو صرف ترقیاتی پروگراموں کے مستفید افراد کے بجائے کامیاب کاروباری شخصیات، موسمیاتی تحفظ کے علمبردار، کمیونٹی رہنما اور مقامی طرزِ حکمرانی میں فعال شراکت دار بنانا ہے۔اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں، روزگار اور کاروبار کے مواقع، قائدانہ صلاحیتوں کی تربیت اور مقامی سطح پر موسمیاتی مسائل کے حل تیار کرنے میں مدد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کی تنظیموں کو بھی مضبوط بنایا جائے گا تاکہ وہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی پائیدار ترقی، مقامی حکمرانی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھ سکیں۔منصوبے میں خواتین، خصوصی افراد، خواجہ سرا افراد، مذہبی اقلیتوں اور معاشرتی طور پر محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے پاکستان میں قائم وفد کے قائمقام سربراہ برائے تعاون ڈاکٹر سباستین لوریون نے کہا کہ یورپی یونین کو اس منصوبے کی حمایت پر فخر ہےکیونکہ جب نوجوانوں کو آواز،مواقع اور شناخت ملتی ہے تو معاشرے زیادہ مضبوط، جدید اور منصفانہ بنتے ہیں۔ناروین چرچ ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر اسٹیفن کینٹ نے کہا کہ "منزل” اس یقین پر مبنی ہے کہ نوجوان صرف ترقیاتی منصوبوں کے مستفید نہیں بلکہ تبدیلی کے رہنما، اختراع کار اور دیرپا حل کے شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی مہارتوں، تنظیموں اور سرکاری اداروں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنا کر ایسے پائیدار حل میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جن کے فوائد منصوبے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی مقامی آبادی کو حاصل ہوتے رہیں گے۔







