سیکرٹری صحت محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ آبادی کی صورتحال کا صحت، تعلیم، معاشی ترقی اور سماجی بہبود سے گہرا تعلق ہےجبکہ نوجوانوں کی امنگوں کی تکمیل کے لیے معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، باخبر فیصلوں اور مساوی مواقع کی فراہمی ناگزیر ہے۔
نوجوانوں کی صحت، تعلیم اور بااختیار بنانا قومی ترقی کے لیے ناگزیر، سیکرٹری صحت کا عالمی یومِ آبادی پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):سیکرٹری صحت محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ آبادی کی صورتحال کا صحت، تعلیم، معاشی ترقی اور سماجی بہبود سے گہرا تعلق ہےجبکہ نوجوانوں کی امنگوں کی تکمیل کے لیے معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، باخبر فیصلوں اور مساوی مواقع کی فراہمی ناگزیر ہے۔ہفتہ کوعالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال کاموضوع "آج اور مستقبل میں نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو حقیقت کا روپ دینا” اس امر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ ترقی کے عمل میں انسان کو مرکزِ نگاہ رکھا جائے اور آئندہ نسلوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
محمد اسلم غوری نے کہا کہ یہ دن اس اجتماعی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے کہ نوجوانوں،خواتین اور بچوں سمیت ہر فرد کو صحت مند، باوقار اور باصلاحیت زندگی گزارنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نےکہا کہ وزارتِ قومی صحت ملک کےصحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور خاندانوں و کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کے لیے قومی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ صوبائی اور علاقائی حکومتوں کے اشتراک سے پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور شواہد پر مبنی حکمت عملیوں کے ذریعے بنیادی صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کے لیےمؤثر شراکت داری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
وزارت، صوبائی محکمہ جاتِ صحت و آبادی، ترقیاتی شراکت داروں، اقوام متحدہ کے اداروں، غیر سرکاری تنظیموں، بین الاقوامی این جی اوز، پیشہ ورانہ اداروں،جامعات اور نجی شعبے کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مربوط اقدامات کے ذریعے قومی ترجیحات کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرکے عوام تک ان کے ثمرات پہنچائے جا سکتے ہیں۔محمد اسلم غوری نے خواتین اور نوعمر بچوں کی صحت اور بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین خوشحال خاندانوں اور مضبوط معاشروں کی بنیاد ہوتی ہیں، جبکہ باعلم اور باصلاحیت نوجوان قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارتِ قومی صحت وفاقی رابطہ کار ادارے کے طور پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، جدت کو فروغ دینے، تعاون بڑھانے اور ایسی پالیسیوں و پروگراموں پر عملدرآمد میں معاونت جاری رکھے گی جو صحت کے بہتر نتائج اور پائیدار ترقی کے حصول میں مددگار ہوں۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اورشراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ایک صحت مند، باشعور اورخوشحال معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں تاکہ ہر نوجوان کی امیدیں اورامنگیں حقیقت بن سکیں اور ہر خاندان کو ترقی اور خوشحالی کے مساوی مواقع میسر آئیں۔







