"نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ حکومت کے توانائی تحفظ کے ایجنڈے کی اہم ترجیح ہے، تاکہ ملک کی توانائی ضروریات کو پائیدار بنیادوں پر پورا کیا جا سکے۔”
تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ حکومت کے توانائی تحفظ کے ایجنڈے کی اہم ترجیح ہے ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اجلاس سےخطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
نائب وزیراعظم کے آفس سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے اہم اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کو سمندر اور خشکی میں جاری تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور گیس کے شعبے میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی جن میں اس شعبے کی طویل المدتی ترقی کے لیے معاون مطالعات کی تکمیل بھی شامل ہے۔ نائب وزیراعظم کو گردشی قرضے (سرکلر ڈیٹ) کے تصفیے اور مقامی سطح پر تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے ذریعے مائع قدرتی گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تمام متعلقہ فریقوں کے تعمیری تعاون کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ حکومت کے توانائی تحفظ کے ایجنڈے کی اہم ترجیح ہے اور اس شعبے کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، وفاقی وزیر بحری امور، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام اور ملک کی نمایاں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔








