ڈاکٹر آکاش قتل کیس، ملزمان 36گھنٹوں کے اندر گرفتار

ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنیوالے ملزمان کو36گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نقدی ، موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدکرلیا گیاہے

کراچی۔ 15 جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنیوالے ملزمان کو36گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نقدی ، موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدکرلیا گیاہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن سائوتھ،ایس ایس پی آپریشن سائوتھ اور ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ13 جولائی کو ڈکیتی کے دوران ڈاکٹر آکاش کو فریئر کے علاقے میں قتل کیا گیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کے نوٹس کے بعد خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکرملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ڈی آئی جی سائوتھ نے کہا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان واردات میں ملوث تھے،پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر آکاش بینک سے رقم نکلوا کر جا رہے تھے کہ بینک میں موجود ایک ریکی کار نے متاثرہ خاندان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اوررقم نکلوانے کے تقریبا 20 منٹ بعد دیگرملزمان کو اطلاع دی،جس کے بعد فریئر کے علاقے میں گاڑی روک کر ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر آکاش شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں دم توڑ گئے۔انہوں نے کہاکہ واقعے کے بعد کمانڈ اینڈ کنٹرول، سیف سٹی اور نجی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، پولیس نے سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی اورتکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ریکی کار کی شناخت کی گئی، پھر اس کے ساتھیوں تک رسائی حاصل کی گئی واردات میں دو موٹر سائیکلوں کے علاوہ ایک کار بھی استعمال کی گئی ہے۔ڈی آئی جی سائوتھ نے کہا کہ ملزمان کی کار ڈیفنس کے علاقے میں ٹریس کی گئی۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان ماضی میں بھی اس نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقتول کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ڈاکٹر آکاش قتل کیس کا مقدمہ فریئر تھانے میں درج کر کے دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 

مزید خبریں