ملک کی نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

"حکومت نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں، طارق فضل چوہدری”

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ، حکومت نوجوان نسل کو ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ دنیا بھر میں وہ ملک کا نام روشن کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل چیس چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ،ہمارے نوجوان دنیا بھر میں کھیلوں کے میدانوں میں اپنا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شطرنج کے کھیل میں ہمارے نامور کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا ، جسمانی اور ذہنی صلاحیتیں مل کر ہی شطرنج کا کھلاڑی بناتی ہیں ۔اس ٹورنامنٹ میں جن جن کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کی وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر خاتون شطرنج چیمپئن صاحبہ شاہ کو اس مرتبہ بھی چیمپئن بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ منعقد کرانے پر پاکستان چیس فیڈریشن مبارکباد کی مستحق ہے ، حکومت کی طرف سے یقین دلاتا ہوں اور وزیراعظم نے ہمیشہ اس بات کی ہدایت کی ہے کہ ملک کی نوجوان نسل کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ تمام کھیلوں میں ملک کا نام دنیا میں روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ہاکی اور سکواش سمیت پاکستان کئی کھیلوں کا دنیا میں چیمپئن تھا ، وزیراعظم نے ملک میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہے جس میں صوبائی اور قومی سطح پر نوجوانوں کو سلیکٹ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 9 اور 10 مئی کو بھارت کے مقابلے میں پاکستان کو جو فتح نصیب ہوئی اس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں عالمی تنازع کو ختم کرانے میں سفارتی سطح پر دنیا میں جو عزت ملی ہے وہ ہم سب کے لیے قابل فخر ہے ۔تقریب میں ارکان پارلیمنٹ نزہت صادق، سیدہ نوشین افتخار ، فرح ناز اکبر اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اخر میں مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے چیس چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔

مزید خبریں