ایم ڈی واسا کی تمام افسران اور سٹاف کو بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

"ایم ڈی واسا کی افسران و سٹاف کو بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ”

فیصل آباد 16 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے تمام افسران اور سٹاف کو بروقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ تاخیر سے دفاتر پہنچنے یا غیر حاضر افسران و سٹاف کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ایشوز کو بروقت اور معیار کے مطابق حل کرنا اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اسی سلسلے میں تمام واسا افسران اور سٹاف کو اپنے دفاتر میں مقرر کردہ اوقات کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا نے ایڈمنسٹریشن حکام کو ہدایت کی کہ ہیڈ آفس کے علاوہ شہر میں جتنے بھی دفاتر ہیں جہاں پر افسران اور سٹاف تعینات ہیں جن میں پی ایم یو سمندری روڈ، پی ایم یو نڑوالا روڈ، کلمہ والی ٹینکی سمیت دیگر مقامات شامل ہیں وہاں ایڈمن کا عملہ صبح نو بجے وزٹ کرے اور تمام افسران و سٹاف کی حاضری کو چیک کرے اور جو افسران اور سٹاف صبح ساڑھے نو بجے تک اپنے دفاتر میں حاضری یقینی نہیں بناتے ان کی رپورٹ کریں تاکہ ایسے افسران و سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی خدمت کے مشن پر گامزن ہیں اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔