وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے جمعرات کے روز ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کر رہی تھیں
معاون خصوصی برائے خوراک کی ورلڈ فوڈ پروگرام کی وفد سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے جمعرات کے روز ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کر رہی تھیں۔ محکمہ خوراک خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران سیکرٹری محکمہ خوراک خیبرپختونخوا شاہ محمود بھی موجود تھے ملاقات کے دوران غذائیت پروگرامز، گندم پالیسی، گندم اور محکمانہ امور کی ڈیجیٹلائزیشن، استعداد کار میں اضافے، معیاری اور محفوظ خوراک کے فروغ، فوڈ سیکیورٹی اور غذائی نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سکولوں کے بچوں کے لئے صحت مند غذائی پالیسیوں، عوامی فلاح کے اقدامات، غذائی آگاہی پروگرامز اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفد کو خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات اور کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے محکمہ خوراک اور خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے حکومت خیبرپختونخوا کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے غذائی تحفظ، غذائیت، استعدادِ کار میں اضافے اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ محفوظ خوراک، غذائی تحفظ اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی صوبے میں غذائی تحفظ، صحت مند خوراک کے فروغ اور عوام کی بہتر غذائی حالت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مستقبل میں مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے اور مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔








