گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کرم کے رہنما جلال حسین کی قیادت میں ایک وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کرم کے رہنما جلال حسین کی قیادت میں ایک وفد سے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔

پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کرم کے رہنما جلال حسین کی قیادت میں ایک وفد سے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور، ضلع کرم کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے قوم طوری اور غنڈی خیل کی اراضی سے متعلق دیرینہ مسائل، مقامی آبادی کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے لیے گورنر کو تفصیلی آگاہ کیا۔وفد نے ضلع کرم میں مختلف ٹیکسوں کے نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر علاقے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے والی پالیسیوں کا ازالہ ہونا چاہیے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے ضلع کرم کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

مزید خبریں