گندم کی بمپر فصل ہوئی مگرذخیرہ اندوزوں نے بڑی مقدار میں گندم خرید کر ذخیرہ کر لی، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پنجاب اور سندھ میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، تاہم فصل کی آمد کے ساتھ ہی منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے بڑی مقدار میں گندم خرید کر ذخیرہ کر لی، جس کے باعث سرکاری سطح پر مطلوبہ مقدار میں گندم ذخیرہ نہ ہو سکی

کراچی۔ 16 جولائی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پنجاب اور سندھ میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، تاہم فصل کی آمد کے ساتھ ہی منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے بڑی مقدار میں گندم خرید کر ذخیرہ کر لی، جس کے باعث سرکاری سطح پر مطلوبہ مقدار میں گندم ذخیرہ نہ ہو سکی۔جمعرات کواعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس صورتحال پر کریک ڈائون کا فیصلہ کیا تھا، جس کے دوران ایک لاکھ بہتر ہزار ٹن گندم ذخیرہ اندوزوں سے برآمد کی گئی اور جن ذخیرہ اندوزوں سے یہ گندم برآمد ہوئی انہیں سرکاری نرخ ادا کیے گئے۔ انہوں نے گندم ذخیرہ کرنے والے ذخیرہ اندوزوں سے متنبہ کی کہ وہ اپنے پاس موجود گندم حکومت کے حوالے کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ ان کے مطابق ذخیرہ کی گئی گندم مارکیٹ میں آنے کے بعد قیمتوں میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کمار کے قتل کا حکومت سندھ نے فوری نوٹس لیا اور پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان، انیل، رام چند اور سریش کو گرفتار کر لیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔

انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر سنگین جرم پر فوری کارروائی کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے شہدا ء اور غازیوں کے خلاف دیے گئے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے ہر محاذ پر ملک کا دفاع کیا ہے اور پاک بھارت جنگ میں پاک آرمی، نیوی اور فضائیہ نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے جوان وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار ہو کر ڈیوٹی پر جاتے ہیں اور شہادت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے مودبانہ درخواست کی کہ وہ اپنا بیان واپس لیں، کیونکہ ان کے مطابق اس بیان کو بھارتی میڈیا میں نمایاں کوریج ملی۔انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی پوری قوم کے ہیروز ہیں، ان کے رتبے کو کسی بیان سے نقصان نہیں پہنچ سکتا جبکہ پاک افواج میں ملازمت صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کے دفاع کے جذبے کے تحت کی جاتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پوری قوم متحد تھی اور ہر طبقے نے اپنے اپنے محاذ پر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جس کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھتا، جس کی بڑی وجہ ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے ملک کو ایٹمی طاقت بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، کسی کو اپنی حدود سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے اور تمام سیاسی، عسکری، تجارتی اور سماجی طبقات کا ملکی مفاد پر ایک ہی مقف ہونا چاہیے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تجربہ کار سیاست دان ہیں، اگر وہ اپنا بیان واپس لیں گے تو ان کے قد و قامت میں مزید اضافہ ہوگا۔

 

مزید خبریں