جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے ساؤتھ ایئر کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز

ساؤتھ ایئر نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اپنی باقاعدہ پروازوں کا آغاز کر دیا ہے جس سے ملک کے ڈومیسٹک فضائی رابطوں کو مزید تقویت ملے گی

کراچی۔16جولائی (اے پی پی):ساؤتھ ایئر نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اپنی باقاعدہ پروازوں کا آغاز کر دیا ہے جس سے ملک کے ڈومیسٹک فضائی رابطوں کو مزید تقویت ملے گی۔جمعرات کو ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئرلائن نے کراچی سے کوئٹہ (بذریعہ تربت) اور کراچی سے اسلام آباد (بذریعہ بہاولپور) کے لئے اپنی باقاعدہ پروازیں شروع کر دی ہیں۔ افتتاحی پرواز Z8911 تربت جبکہ Z8942 بہاولپور کے لئے جمعرات کی صبح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ ہوئیں۔

یہ نئی پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے ڈومیسٹک فلائٹ نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہیں اور مسافروں کو مزید بہتر سفری سہولیات اور رابطہ فراہم کریں گی۔ابتدائی مرحلے میں ساؤتھ ایئر تربت روٹ پر ہفتہ وار ایک جبکہ بہاولپور روٹ پر ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرے گی۔ سائوتھ ائیر کراچی سے پشاور، رحیم یار خان، سکھر اور گوادر کے لئے بھی پروازیں آپریٹ کرے گی جس سے ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان فضائی رابطے مزید مستحکم ہوں گے۔ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن لائسنس کے تحت شروع کی جانے والی یہ نئی فضائی سروسز ملک میں سیاحت، تجارت اور سفری سہولیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

 

مزید خبریں