کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریاکے مکینوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے علاقہ میں گیس کی جلد بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے
کراچی کے علاقہ فیڈرل بی ایریا کے مکینوں کی گیس فراہمی بحال کرنے کی اپیل

مزید خبریں
کراچی ۔16جولائی (اے پی پی):کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریاکے مکینوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے علاقہ میں گیس کی جلد بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر پیٹرولیم کے نام اپیل میں بلاک 14 نصیر آباد کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث انہیں روزمرہ امور بالخصوص کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے متعدد خاندان متبادل ذرائع سے خوراک حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ کے رہائشی شاہ فیصل نے بتایا کہ انہوں نے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ ادارے کی ہیلپ لائن پر متعدد بار شکایات بھی درج کرائی ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ ان شکایات کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ حکام کو علاقے میں گیس کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور مسئلے کے حل کے لیے مناسب اقدامات کی ہدایت کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
متاثرین نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی فراہمی کی بہتری اور شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔








