ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ مانیٹرنگ اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس،شہریوں کو ریلیف، تجاوزات و ڈینگی مہم سے متعلق اقدامات کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ مانیٹرنگ اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی کارکردگی اور فیلڈ ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی تعمیرات، انسداد گداگری و ڈینگی مہم کے حوالے سے جاری آپریشنز کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مہنگے ایل پی جی پوائنٹس اور غیر قانونی و غیر معیاری پٹرول فروخت کے خلاف جاری کریک ڈائون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انسداد گداگری، انسداد ڈینگی، مون سون کی مانیٹرنگ اور دیگر انتظامی معاملات پر حکمت عملی مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام فیلڈ افسران اپنی کارکردگی کو قابل پیمائش نتائج سے ثابت کریں، ہر اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹ روزانہ فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران عوام سے براہ راست رابطہ اور مسائل کے فوری حل کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں، قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد، شفاف احتساب اور بہتر عوامی خدمت ہی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رہے گی۔








