"ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں”
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا اور بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ڈاکٹر عثمان انور نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، داخلی سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا سے ملاقات میں داخلی سلامتی، انسداد دہشت گردی کے اقدامات، امن و امان کے قیام اور قومی سلامتی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پرامن اور محفوظ ماحول ہی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امن و امان کے قیام اور داخلی سلامتی کے فروغ کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات میں ایف آئی اے کی مجموعی کارکردگی، سائبر کرائم کے تدارک، انسانی سمگلنگ، مالیاتی جرائم، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں اور ادارے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ایف آئی اے کی قومی مفادات کے تحفظ، قانون کی عملداری اور جرائم کے انسداد کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدید چیلنجز سے نمٹنے اور عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سائبر کرائم، انسانی سمگلنگ اور مالیاتی بدعنوانیوں کے خلاف ایف آئی اے کی کامیاب کارروائیوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے ادارے کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور جدید تقاضوں کے مطابق استعداد کار میں اضافے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف آئی اے قومی سلامتی، قانون کی بالادستی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرتا رہے گا۔ملاقاتوں کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے داخلی سلامتی، قانون کی حکمرانی اور عوامی تحفظ کے لئے متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفاد کے اہم معاملات پر اداروں کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔








