مکران میں فضائی سفر کے نئے دور کا آغاز، ساؤتھ ایئر لائن کی پہلی پرواز کراچی سے تربت پہنچ گئی

"مکران ڈویژن میں فضائی سفر کے نئے دور کا آغاز، ساؤتھ ایئر لائن کی پہلی پرواز کراچی سے تربت پہنچ گئی”

کوئٹہ۔ 16 جولائی (اے پی پی):مکران ڈویژن میں فضائی سفر کے ایک نئے دور کا آغاز کردیا گیا۔ پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر لائن کی پہلی پرواز کراچی سے مسافروں کو لے کر تربت پہنچ گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایس ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن اور دیگر حکام نے ساؤتھ ایئر لائن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ سکیورٹی بریگیڈیئر(ر) عامر، بورڈ آف گورنرز کے ممبر شاہد گچکی اور دیگر معزز مہمانوں اور مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر استقبالی تقریب میں ڈی ایس پی (یو ٹی) دانش بلوچ، ساؤتھ ایئر لائن تربت کا عملہ، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ شرکاء نے ساؤتھ ایئر لائن کی سروس کو مکران کے عوام کیلئے ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید شہروں کیلئے پروازوں کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جائے گا۔بعد ازاں یہ پرواز تربت سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگئی۔ اس موقع پر ساؤتھ ایئر لائن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ سکیورٹی بریگیڈیئر(ر) عامر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکران اور بلوچستان کے عوام کو درپیش سفری مشکلات، طویل زمینی سفر اور فضائی سہولیات کی محدود دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ساؤتھ ایئر لائن نے اپنی سروس کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام کی جانب سے مثبت ردعمل ملا اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مستقبل میں مزید پروازیں اور نئی منزلیں بھی شامل کی جائیں گی۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربت سمیت پورے مکران میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ساتھ دیگر نجی ایئر لائن کی سروس کا آغاز ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ فضائی سفر میں مسابقت پیدا ہونے سے مسافروں کو مزید آسانیاں بھی حاصل ہوں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ساؤتھ ایئر لائن خطے کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔دریں اثناء ساؤتھ ایئر لائن کے بورڈ ممبر اور مکران بلوچستان کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہد گچکی نے میڈیا کو بتایا کہ ساؤتھ ایئر لائن کی سروس سے مکران ڈویژن کا کراچی، کوئٹہ اور ملک کے دیگر بڑے شہروں کے ساتھ فضائی رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں طویل زمینی سفر کی وجہ سے کاروباری افراد، طلبہ، مریضوں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ تاہم اس نئی فضائی سروس سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکران جیسے وسیع خطے میں جدید اور معیاری فضائی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت تھی اور ساؤتھ ایئر لائن اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

مزید خبریں