شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ، آئی جی پولیس

"آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے ساتھ اہم اجلاس”

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ کے ساتھ اپنے آفس میں جمعرات کو میٹنگ کی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق میٹنگ میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال ، محکمانہ امور و تفتیش کے نظام میں مزید بہتری، زیرِ تفتیش مقدمات کی پیشرفت اور مجموعی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ نے آئی جی اسلام آباد کو تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور محکمانہ اصلاحات پر اب تک ہونے والی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے تفتیشی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ سنگین مقدمات کی تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے ۔آئی جی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح رہے گا۔

مزید خبریں