میئر کراچی نے اورنگی ٹائون میں سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کا افتتاح کردیا

"میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں سندھ ایمرجنسی 1122 کے نئے آپریشنل بیس کا افتتاح کر دیا”

کراچی۔ 16 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹائون میں سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز(ایس آئی ای ایچ ایس ۔1122)کے نئے ایمرجنسی آپریشنل بیس کا افتتاح کردیا۔

جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ منصوبہ حکومتِ سندھ، بلدیہ عظمی کراچی اورایس آئی ای ایچ ایس ۔1122کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا۔ تقریب میں برگیڈیئر (ر)طارق قادر لکھیار، چیف ایگزیکٹو آفیسرایس آئی ای ایچ ایس ۔1122 ،مقامی منتخب نمائندوں، معززینِ علاقہ، سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ایس آئی ای ایچ ایس ۔1122 کا یہ آپریشنل بیس پہلے کٹی پہاڑی میں قائم تھا جسے اب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ نئی جگہ بنارس کے قریب منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی جگہ کے انتخاب کا مقصد اورنگی ٹائون اور ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کی رفتار اور رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ ایمبولینسز ٹریفک اور رش والے علاقوں میں بھی کم سے کم وقت میں مریضوں تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اورایس آئی ای ایچ ایس ۔1122 کے درمیان یہ اشتراک کراچی میں ایمرجنسی سروسز کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جبکہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے مزید منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایس آئی ای ایچ ایس ۔1122 اس وقت سندھ کے تمام 30 اضلاع میں 627 سے زائد ایمرجنسی گاڑیوں کے ذریعے چوبیس گھنٹے مفت پری ہاسپٹل ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کر رہا ہے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ادارے نے کراچی کے مخیر حضرات، صنعت کاروں، کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مفت ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

مزید خبریں