ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور جعلی اوورسیز روزگار کا فراڈ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا

:ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور جعلی اوورسیز روزگار کا فراڈ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان پر کینیڈا اور بحرین میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کا الزام ہے، ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی

فیصل آباد۔ 16 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور جعلی اوورسیز روزگار کا فراڈ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان پر کینیڈا اور بحرین میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کا الزام ہے، ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور جعلی اوورسیز روزگار کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ملزمان پر کینیڈا اور بحرین میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کا الزام ہے۔ایک کامیاب چھاپے کے دوران ایک سرگرم انسانی سمگلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 04 پاکستانی پاسپورٹس، 50 ہزار روپے نقد، ایک موبائل فون (جس میں اہم شواہد موجود تھے) اور ایک ہونڈا گاڑی برآمد کی گئی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 30 لاکھ روپے وصول کر چکا تھا اور اپنے بیرونِ ملک موجود ساتھی کے ساتھ مل کر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو چلا رہا تھا۔ ایک کارروائی میں ایف آئی اے ٹیم نے ملزم طلحہ سعید کو گرفتار کیا۔ ملزم نے شہری کو بحرین میں ملازمت کا جھانسہ دیکر 8 لاکھ 25 ہزار روپے بٹورے۔ ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے 2 ملزمان حمزہ دراز اور عمر دراز کو گرفتار کیا، ملزمان نے شہریوں سے کینیڈا بھجوانے اور کام دلوانے کا جھانسہ دیکر 40 لاکھ روپے بٹورے۔ ملزمان کیخلاف شواہد اکٹھے کرکے مقدمات درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

مزید خبریں