ہمیں اپنے شہدا ء اور غازیوں پر فخر ہے،اسلام امن، برداشت اور رواداری کا مذہب ہے،گورنر سندھ نہال ہاشمی

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے، ہمیں اپنے شہدا ء اور غازیوں پر فخر ہے۔جمعرات کو انہوں نے یہ بات قومی پیغام امن کمیٹی کے سربراہ مولانا طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی

کراچی۔ 16 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے، ہمیں اپنے شہدا ء اور غازیوں پر فخر ہے۔جمعرات کو انہوں نے یہ بات قومی پیغام امن کمیٹی کے سربراہ مولانا طاہر محمود اشرفی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام امن، برداشت اور رواداری کا مذہب ہے۔ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والا ہر فرد ہمارے لئے قابل احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے مولانا فضل الرحمن شہدا ء سے متعلق اپنے الفاظ پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واپس لیں گے۔ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ پاک افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، نریندر مودی انسانیت کی توہین کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلیر فیلڈ مارشل نے دشمن پر ہیبت طاری کر رکھی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ جو ہماری کامیابی پر شرمندہ ہیں، ہمیں ان کے رویے پر افسوس ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان پر اپنا فضل و کرم برقرار رکھے۔

مولانا طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی تمام مکاتبِ فکر اور مشائخ کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔پیغام امن کمیٹی کا دائرہ کار ڈویژن اور ضلعی سطح تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان پر جارحیت کرنے والا پوری قوم کا مشترکہ دشمن ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو شہدا ء اور غازیوں کی توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آٹھ ہزار سے زائد علمائے کرام پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ علمائے کرام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی نے قومی اتحاد و یکجہتی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وطن کی خاطر قربانی دینے والے ہر فرد پر پوری قوم کو فخر ہے۔ بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف سازشوں اور کشیدگی کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان کے امن، ہم آہنگی اور اتحاد کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ پیغامِ پاکستان متفقہ قومی دستاویز ہے، اس پر موثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

مزید خبریں