اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کی پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کی جانچ کے لیے پٹرول پمپس پرکارروائی،ضابطہ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد

اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کی جانچ کے لیے مختلف پٹرول پمپس پرکارروائی کی اور ضابطہ کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے۔

سیالکوٹ۔ 17 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کی جانچ کے لیے مختلف پٹرول پمپس پرکارروائی کی اور ضابطہ کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے رات گئے پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے پیرا فورس کے ہمراہ سمبڑیال کے مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے مارے۔دورانِ معائنہ اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد ، دستیاب سٹاک اور فروخت کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیکنگ کے دوران ضابطہ کی خلاف ورزی کے مرتکب 4 پٹرول پمپس کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ نے واضح کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی یا بلاجواز فروخت سے انکار کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی پٹرول پمپ سٹاک موجود ہونے کے باوجود پٹرول فروخت نہ کرے تو فوری طور پر 0304.7961332 پر شکایت درج کروائیں تاکہ ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔