نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات،تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت ، مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عملی تعاون و باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔

شنگھائی۔17جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت (اے آئی) و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار، پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی اور چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان بھی تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے وسیع پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے باہمی شراکت داری کی مسلسل مضبوطی اور مستقل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان۔چین ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عملی تعاون اور باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران خطے اور دنیا کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملاقات نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ساتھ ہی یہ دونوں ممالک کے درمیان جدت پر مبنی ترقی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا بھی مظہر ہے۔