این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو وسائل کی دستیابی، ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار کی اہمیت پر زور
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو وسائل کی دستیابی، ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار کی اہمیت پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو وسائل کی دستیابی، ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔جمعہ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق مون سون 2026 کے دوران ادارہ جاتی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو وسائل کی دستیابی، ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار کی اہمیت پر زوردیا گیا۔ اجلاس میں عوامی آگاہی مہم، امدادی سامان کی بروقت فراہمی، انخلا کے منصوبوں اور بین الادارہ جاتی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو این ای او سی کی 24 گھنٹے جاری نگرانی،الرٹس، ہنگامی معلومات اور بروقت ابتدائی انتباہی نظام سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزارت مواصلات، وزارت توانائی اور واپڈا کی جانب سے مون سون کے دوران اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔کمیٹی کی جانب سے سڑکوں کی بحالی، بجلی کی فراہمی کے تسلسل، ڈیموں کے انتظام، آبی صورتحال کی نگرانی اور ہنگامی تیاریوں پر مبنی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو مون سون سیزن کے دوران مکمل تیاری برقرار رکھنے، ادارہ جاتی رابطہ مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے مواصلاتی نظام فعال رکھنے، حساس آبادی اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ریسکیو و ریلیف وسائل ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بروقت فیصلوں اور وسائل کی فوری فراہمی کے لیے تمام اداروں کے درمیان موثر اور مربوط رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران انسانی جانوں، روزگار اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر مربوط اور موثر ردعمل کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








