خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایبٹ آباد کے جب نالہ کے تمام متاثرہ مقامات اور مختلف سائٹس کا تفصیلی سروے مکمل کرکے 10 روز کے اندر رپورٹ محکمہ آبپاشی کو پیش کی جائے اور اس کی بنیاد پر منصوبے کا پی سی ون جلد از جلد تیار کیا جائے
خیبر پختونخواکے وزیر آبپاشی کا ایبٹ آباد میں جب نالہ کا دورہ، 10 روز میں سروے رپورٹ اور پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایبٹ آباد کے جب نالہ کے تمام متاثرہ مقامات اور مختلف سائٹس کا تفصیلی سروے مکمل کرکے 10 روز کے اندر رپورٹ محکمہ آبپاشی کو پیش کی جائے اور اس کی بنیاد پر منصوبے کا پی سی ون جلد از جلد تیار کیا جائے۔یہ ہدایات صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پر جاری کیں۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جب نالہ کے مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا، نالے میں پانی کے بہاؤ، گنجائش، موجودہ صورتحال اور مختلف مقامات پر قائم تجاوزات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی ۔صوبائی وزیر کو بتایاگیاکہ برسات کے موسم میں جب نالہ میں پانی کی سطح بڑھ جاتی ہے تو اربن فلڈنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر جاتا ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ ایبٹ آباد کا بنیادی مسئلہ اربن فلڈنگ اور نکاسی آب کا ہے، جس کے مستقل حل کے لیے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کابینہ کے تمام اراکین کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ صوبے کے مختلف اضلاع اور شہروں کا دورہ کریں، عوام کے مسائل براہِ راست سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شفاف طرز حکمرانی، بہتر عوامی خدمت اور فلاحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اربن فلڈنگ جیسے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ہر موسم میں محفوظ اور بہتر شہری سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جب نالہ کے تمام متاثرہ مقامات کا سروے مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور منصوبے کا پی سی ون فوری طور پر تیار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے پر کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔








