سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ وہ راولپنڈی میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین نشست کے امیدوار احمد رضا قادری کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب …
آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال وابستگی کا ثبوت دیا ہے، مریم اورنگزیب

مزید خبریں
راولپنڈی۔17جولائی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال وابستگی کا ثبوت دیا ہے۔ وہ راولپنڈی میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین نشست کے امیدوار احمد رضا قادری کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف، ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار، زیب النساء اعوان، راحت مسعود قدوسی، حاجی پرویز خان سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح اور معاشی استحکام کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کا کشمیری عوام کے ساتھ تعلق محض سیاست کا نہیں بلکہ اعتماد، محبت اور خدمت کا رشتہ ہے جس کی گواہی آزاد کشمیر میں مکمل ہونے والے متعدد ترقیاتی منصوبے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح کے کئی منصوبے نواز شریف کے ادوار حکومت کی یادگار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) صرف وعدوں پر نہیں بلکہ عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے جس کے مثبت نتائج پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشکل معاشی حالات میں ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، صاف پانی، دیہی ترقی، سیف سٹی منصوبوں، ہونہار اسکالرشپ اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام بھی صحت، تعلیم، سیاحت، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کی ترقی کے انہی مواقع سے مستفید ہوں، اس مقصد کے لیے ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سڑکوں، سیاحتی منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی سہولتوں کو ترجیح دی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی سے وابستہ ہے اور دونوں کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جن میں آئینی اصلاحات اور متعدد ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب میں ہونے والی ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہی ترقیاتی وژن آزاد کشمیر میں بھی لے کر جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقی اور معاشی استحکام کے ایجنڈے کے ساتھ میدان میں اتری ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی پنجاب طرز کے ترقیاتی ماڈل کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے بھرپور رابطہ رکھیں اور پارٹی کے ترقیاتی پروگرام کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احمد رضا قادری کو کامیاب بنا کر ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور تینوں نشستیں جیت کر قائد محمد نواز شریف کو تحفہ میں دیں گے۔








