صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی ہوگی، نعیم صادق چیمہ

چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم صادق چیمہ نے کہا ہے کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی ہوگی

لاہور۔ 17 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم صادق چیمہ نے کہا ہے کہ صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےشہر اولیا میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صفائی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب ایجنسی ملتان کے افسران، متعلقہ کنٹریکٹرز، کمپنی سیکرٹری کبیر خان، ڈویژنل منیجر آپریشنز انوار الحق اور دیگر آپریشنل حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر بھر میں جاری صفائی آپریشن، ویسٹ کلیکشن، مشینری کی دستیابی، افرادی قوت اور کنٹریکٹرز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیاجبکہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم صادق چیمہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی آپریشن کو فوری طور پر مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام کنٹریکٹرز اپنی ذمہ داریاں مکمل احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کمپنی کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آپریشنز میں غفلت، سستی یا ناقص کارکردگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو خبردار کیا کہ مقررہ اہداف کے مطابق نتائج یقینی بنائے جائیں بصورت دیگر قواعد و ضوابط کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نعیم صادق چیمہ نے کہا کہ ملتان کو صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور کنٹریکٹرز مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔