نئی امریکی پابندیاں یکطرفہ ، غیر قانونی ، بے بنیاد الزامات پر مبنی ہیں، سوڈان

سوڈان نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں’’ یکطرفہ، غیر قانونی ‘‘ اور ’’بے بنیاد الزامات پر مبنی‘‘ قرار دیا ہے۔

خرطوم۔20جولائی (اے پی پی):سوڈان نے امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں’’ یکطرفہ، غیر قانونی ‘‘ اور ’’بے بنیاد الزامات پر مبنی‘‘ قرار دیا ہے۔

شنہوا کے مطابق سوڈان کی وزارتِ خارجہ و بین الاقوامی تعاون نے گزشتہ روز پریس بیان میں کہا کہ حکومت پہلے ہی ان الزامات کی تردید کر چکی ہے اور اس کا موقف ہے کہ سوڈان نہ تو کیمیائی ہتھیار تیار کرتا ہے، نہ ان کا مالک ہے اور نہ ہی ان کا استعمال کرتا ہے۔ وزارت نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ اس نے پابندیاں عائد کرنے سے قبل نہ کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش کیا اور نہ ہی کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے تحت مقررہ تکنیکی طریقۂ کار اور ضوابط پر عمل درآمد کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پابندیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کے پیچھے خالصتاً سیاسی محرکات کارفرما ہیں، نہ کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے کے حقیقی خدشات۔ یہ پابندیاں 20 جولائی سے نافذ ہوں گی، جن کے تحت امریکا بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ذریعے سوڈان کو قرضوں، مالی معاونت اور تکنیکی تعاون کی مخالفت کرے گا، تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد اس سے مستثنیٰ ہوگی۔ نئی پابندیوں کے تحت امریکا سے سوڈان کو بیشتر اشیا اور ٹیکنالوجی کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے گی جبکہ حساس یا فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی برآمدات پر مزید سخت پابندیاں بھی نافذ کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ امریکا نے جمعہ کو سوڈان پر پابندیوں کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سوڈانی فوج نے کیمیائی ہتھیار استعمال کیے اور سوڈان پابندیاں ختم کرانے کے لیے درکار شرائط پوری کرنے میں ناکام رہا۔