وزیر اعظم شہباز شریف کی سپین کو فیفا ورلڈ کپ میں شاندارکامیابی پر مبارکباد

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندارکامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپین کی قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندارکامیابی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپین کی قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

پیر کو ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد اور بہترین میزبانی پر مبارکباد دیتے ہیں ۔ انہوں نے میکسیکو اور کینیڈا کی حکومتوں اور عوام کو بھی فیفا ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی میں ان کی مثالی شراکت اور عمدہ انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور پوری فیفا ٹیم کو اس بڑے عالمی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہیں جس نے بلاشبہ فٹبال کو ایک عالمی کھیل کے طور پر مزید مضبوط مقام عطا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ نے ہمیں یہ یاد دہانی کرائی ہے کہ کھیل ایک عالمگیر زبان ہے، جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کو ایک دوسرے سے جوڑتی کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ دوستی، اتحاد اور باہمی احترام کا یہی جذبہ فیفا ورلڈ کپ کی آخری سیٹی بجنے کے بعد بھی دنیا کی رہنمائی کرتا رہے۔