ریجنل پولیس فیصل آباد اور گلوبیفائی انسٹیٹیوٹ کے درمیان تعلیمی کورسز رعائتی فیس پر کروانے کا معاہدہ

ریجنل پولیس فیصل آباد اور گلوبیفائی انسٹیٹیوٹ کے درمیان پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ کو جدید ڈیجیٹل اسکلز اور مصنوعی ذہانت کی تربیت اور دیگر جدید کورسز پر خصوصی رعایت دینے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا

فیصل آباد۔ 23 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس فیصل آباد اور گلوبیفائی انسٹیٹیوٹ کے درمیان پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ کو جدید ڈیجیٹل اسکلز اور مصنوعی ذہانت کی تربیت اور دیگر جدید کورسز پر خصوصی رعایت دینے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔ ترجمان ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے اے پی پی کو بتایا کہ آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور گلوبیفائی انسٹیٹیوٹ کے سی ای او محمد شعیب نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق اے آئی ، آئی ٹی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فُل اسٹیک ویب ڈویلپمنٹ،گرافک ڈیزائیننگ،ویڈیو ایڈیٹنگ،سوشل میڈیا مارکیٹنگ اورکیریئر گائیڈنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے مطابق پولیس شہدا اوردوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران کے بچوں کو ماہانہ فیس میں 100 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔

غازی پولیس افسران کے بچوں کو ماہانہ فیس میں 75 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس افسران کے بچوں کو ماہانہ فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس حوالے سے آر پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ کے لیے معیاری تربیتی پروگرامز میں آسان رسائی یقینی بنانا ہے۔مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل اسکلز وقت کی اہم ضرورت ہے۔پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے تعلیم و تربیت کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔پولیس افسران کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم فراہم کرنا محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ریجن فیصل آباد پولیس اپنے شہدا، غازی اورحاضر سروس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کے لئے پر عزم ہے۔