راولپنڈی،جموں و کشمیر کے مہاجرین کی نشستوں پر 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے انتظامات مکمل، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)ندیم ناصر اور سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے پرامن

راولپنڈی۔23جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)ندیم ناصر اور سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، الیکشن کمیشن کے نمائندوں، پولیس، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور انتخابی انتظامات، سکیورٹی، الیکشن میٹریل کی محفوظ ترسیل، ایمرجنسی ریسپانس پلان، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا ۔الیکشن کمیشن کی نمائندہ نے بریفنگ میں بتایا کہ راولپنڈی ضلع میں آزاد کشمیر کے مہاجرین کی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 100 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 18 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، 100 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ان مقامات پر نصب کیمروں کو سیف سٹی نظام سے منسلک کرکے مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ الیکشن میٹریل کی بروقت اور محفوظ ترسیل، پولنگ عملے کی نقل و حرکت، ٹریفک کی روانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن اور سی پی او نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ 2 اگست کو ہونے والے انتخابات پرامن، شفاف اور خوش اسلوبی سے مکمل ہوں اور ووٹرز کو محفوظ اور سہل ماحول فراہم کیا جا سکے۔