ورلڈکپ2026 ،عالمی ہاکی فیڈریشن نے آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل عالمی ہاکی فیڈریشن نے شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔

لوزان۔24جولائی (اے پی پی):ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل عالمی ہاکی فیڈریشن نے شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔

عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود آسٹریلوی ٹیم رواں برس بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ورلڈ کپ میں مضبوط دعویدار کے طور پر شرکت کرے گی اور چوتھا عالمی ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اترے گی۔آسٹریلیا اس سے قبل 1986 میں لندن، 2010 میں نئی دہلی اور 2014 میں دی ہیگ میں ورلڈ کپ اپنے نام کر چکا ہے۔ ورلڈ کپ سکواڈ میں پرو لیگ کے نمایاں کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ نیتھن ایفرامز اور جیک ویلچ نے چھ، چھ گول کرکے ٹیم کے مشترکہ ٹاپ سکورر کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ٹم برانڈ اور جوئل رنٹالا نے پانچ، پانچ گول سکور کیے۔کپتان جیریمی ہیورڈ ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ پنالٹی کارنر سپیشلسٹ بھی سمجھے جاتے ہیں۔ 33 سالہ ہیورڈ 2014 کی عالمی چیمپئن ٹیم کے واحد رکن ہیں جو موجودہ سکواڈ میں شامل ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 260 بین الاقوامی میچز کھیلتے ہوئے 192 گول کیے ہیں۔ ان کے علاوہ بلیک گوورز، نیتھن ایفرامز، ٹم برانڈ، ٹم ہاورڈ، ٹام کریگ، جوشوا بیلٹز اور لاچی شارپ بھی سو سے زائد بین الاقوامی میچ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے لیے 2023-24 ایف آئی ایچ پرو لیگ جیت کر براہ راست کوالیفائی کیا۔ ٹیم کے اعزازات میں تین ورلڈ کپ، ایک اولمپک طلائی تمغہ، دو ایف آئی ایچ پرو لیگ ٹائٹل، 15 چیمپئنز ٹرافی، سات کامن ویلتھ گیمز طلائی تمغے اور 13 اوشیانا کپ شامل ہیں۔ٹیم کی قیادت ہیڈ کوچ مارک ہیگر کر رہے ہیں، جنہوں نے نومبر 2024 میں ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ ماضی میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو کامن ویلتھ گیمز 2018 کا طلائی تمغہ دلانے اور برطانیہ کی ٹیم کو ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کانسی کا تمغہ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

مارک ہیگر کا کہنا ہے کہ ہر ورلڈ کپ منفرد ہوتا ہے اور آسٹریلیا کی نمائندگی ہر کھلاڑی کا خواب ہے۔تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج ٹیم کی بڑی طاقت ہے اور پرو لیگ میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے انہیں ورلڈ کپ کی تیاری میں بھرپور مدد ملی۔ایف آئی ایچ نے 25 سالہ مڈفیلڈر کائی ولوٹ کو آسٹریلیا کا وہ کھلاڑی قرار دیا ہے جس پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ وہ 2025 میں کوکابوراز کے پلیئر آف دی ایئر منتخب ہوئے تھے اور اپریل 2022 میں بین الاقوامی کیریئر کے آغاز کے بعد 88 میچوں میں 25 گول اسکور کر چکے ہیں۔ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جہاں افتتاحی روز ہی مردوں اور خواتین کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں