کے آئی یو کا 72 طلبہ وطالبات کا سکالرشپس کیلئے انتخاب

"قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے چائنیز ایمبیسڈوریل میرٹ کم نیڈ بیس اسکالرشپ کے لیے 72 طلبہ و طالبات کا انتخاب مکمل کر لیا، جبکہ اسکالرشپ کے حصول کے لیے انٹرویوز کا مرحلہ بھی کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔”

گلگت۔ 28 جولائی (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) نے ”چائنیز ایمبیسڈوریل میرٹ کم نیڈ بیس اسکالرشپ” کے لیے 72 طلبہ وطالبات کا انتخاب کر لیا ہے۔ اسکالرشپ کے حصول کے لیے مطلوبہ انٹرویوز کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔

قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے انٹرویوز کے انعقاد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے مین کیمپس سمیت جامعہ کے تینوں سب کیمپسز کے طلبہ کے انٹرویوز لیے۔ کمیٹی نے بی ایس،ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے مجموعی طور پر 72 طلبہ کا انتخاب عمل میں لایا۔انٹرویوز کے بعد مین کیمپس میں میرٹ بیس پر آٹھ طلبہ جبکہ نیڈ بیس پر بی ایس کے 27 طلبہ کو منتخب کیا گیا۔ ایم ایس اور پی ایچ ڈی سطح پر میرٹ بیس پر چار جبکہ نیڈ بیس پر چھ طلبہ منتخب ہوئے۔ اسی طرح غذر کیمپس سے نو، دیامر کیمپس سے نو اور ہنزہ کیمپس سے بھی نو طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ڈائریکٹر فنانشل ایڈ آفس شاہد احمد شگری نے قائم مقام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق اور بالخصوص چائنیز ایمبیسی کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں کی بدولت جامعہ کے مستحق طلبہ کو مالی معاونت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جامعہ میں تعلیمی معیار کے فروغ اور ضرورت مند طلبہ کی مالی معاونت میں مزید مدد ملے گی۔

مزید خبریں