سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14/15 میں ترقیاتی کام مکمل ہونے والے علاقوں کے الاٹیز کو رواں سال کے اختتام سے مرحلہ وار پلاٹس کا قبضہ دینا شروع کیا جائے جبکہ آئندہ تین برس کے دوران منصوبے کے تمام الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کر دیا جائے۔
سیکٹر ایف-14/15 کے تمام الاٹیز کو تین برس میں پلاٹس کا قبضہ مل جائے گا، سیکرٹری ہائوسنگ کیپٹن (ر) محمد محمود

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن (ر) محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت ملازمین ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے سیکٹر ایف-14/15 میں ترقیاتی کام مکمل ہونے والے علاقوں کے الاٹیز کو رواں سال کے اختتام سے مرحلہ وار پلاٹس کا قبضہ دینا شروع کیا جائے جبکہ آئندہ تین برس کے دوران منصوبے کے تمام الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کر دیا جائے۔ایف جی ای ایچ اے کے مطابق سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ایف جی ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، متعلقہ ونگز کے سربراہان، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جی-14 مرکز، ایف-14/15، ایفرو لائف سٹائل ریزیڈنسی، سکائی لائن اپارٹمنٹس اور دیگر جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری نے لائف سٹائل ریزیڈنسی منصوبے پر ترقیاتی کام جلد شروع کرنے، کمرشل پلاٹس کی نیلامی مکمل شفافیت اور قواعد کے مطابق کرانے، کمرشل اثاثوں کے موثر استعمال، ریونیو میں اضافے اور اتھارٹی کی خدمات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے سیکٹر ایف-14/15 اور جی-14 مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ سیکٹر ایف-14/15 میں جدید سائیکل ٹریکس، معیاری انفراسٹرکچر، گرین بیلٹس، لینڈ سکیپنگ اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی کام یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کا دوبارہ معائنہ بھی جلد کیا جائے گا۔سیکرٹری نے جی-14 مرکز میں مجوزہ کمرشل پلاٹس، صفائی، پارکنگ، انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے فوری بہتری، تجاوزات کے خاتمے، سرکاری اراضی کے تحفظ، لینڈ مینجمنٹ اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تمام منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہے، اس لیے غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال، متعلقہ افسران، انجینئرز اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل ایف جی ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پلاٹس کی پوزیشن سے متعلق انتظامی اور فنی امور پر کام مزید تیز کیا جائے، غیر حاصل شدہ رقبے سے متعلق معاملات جلد مکمل کیے جائیں اور تمام شعبے باہمی رابطے اور موثر ہم آہنگی کے ذریعے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور الاٹیز کو مرحلہ وار پلاٹس کی پوزیشن کی فراہمی یقینی بنائیں۔








