"وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مانسہرہ کا دورہ کرتے ہوئے پریس کلب کے لیے ایک کروڑ روپے گرانٹ، سولرائزیشن اور رینوویشن کا اعلان کیا۔”
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا دورہ مانسہرہ ، پریس کلب کے لیے ایک کروڑ روپے گرانٹ، سولرائزیشن اور رینوویشن کا اعلان

مزید خبریں
پشاور۔ 28 جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر صوبائی وزراء مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں، متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور عوام سے براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دورہ مانسہرہ کے دوران مانسہرہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کی خدمت و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کی سلامتی، استحکام اور دفاع ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مالی سال 2026-27 میں صحافیوں کی فلاح کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کے تحت صحافیوں کے بچوں کو وظائف، اسکالرشپس، بلا سود قرضے اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کالونی کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ جرنلسٹس اینڈومنٹ فنڈ کو 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے اور صوبہ بھر کے پریس کلبوں کی سولرائزیشن بھی مرحلہ وار مکمل کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے مانسہرہ پریس کلب کے لیے ایک کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی سولرائزیشن اور رینوویشن بھی صوبائی حکومت مکمل کرے گی۔ انہوں نے پریس کلب انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رینوویشن کے لیے پی سی ون تیار کرکے محکمہ اطلاعات کو فراہم کیا جائے تاکہ منصوبے پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام پریس کلب جدید سہولیات سے آراستہ ہوں تاکہ صحافی برادری کو بہتر پیشہ ورانہ ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے مانسہرہ پریس کلب کے عہدیداروں، صحافیوں، منتخب عوامی نمائندوں، پی ٹی آئی کے کارکنوں اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوامی خدمت، آزاد صحافت کے فروغ اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








