سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، شکست پر مایوسی ہوئی،فاطمہ ثنا

"قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی اور سیریز میں شکست پر مایوسی ہوئی۔”

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کا آغاز اچھا تھا، تاہم بعد کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کوشش کرے گی کہ اس سیریز سے مثبت پہلووں کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں ان سے فائدہ اٹھایا جائے۔فاطمہ ثنا نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی لیکن ٹیم اس انداز میں بیٹنگ نہ کر سکی جس کی اس پچ پر ضرورت تھی۔ ان کے مطابق اگر سینئر کھلاڑیوں کے بعد جونیئرز کو موقع ملے تو انہیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ مڈل آرڈر میں نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں گل فیروزہ اور صدف شمس نے پاور پلے میں ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، جو ایک مثبت پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدرا امین پر دباو ضرور تھا لیکن انہوں نے سیریز کے آغاز سے ہی اپنی اننگز سنبھالنے کی کوشش کی جبکہ منیبہ علی نے پانچویں نمبر پر آ کر اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کئی مثبت چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔کپتان نے بالنگ یونٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ام ہانی اور نشرہ سندھو اچھی بالنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان بالرز جتنی جلد اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں گی ٹیم کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں مضبوط ٹیم تیار کی جا سکے۔فاطمہ ثنا نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ مثبت رہیں کیونکہ نئے تجربات کے دوران بعض اوقات ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر اور اعتماد کے ساتھ کھیلنا ضروری ہے اور شائقین سے بھی یہی اپیل ہے کہ وہ ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کا کردار واضح کر دیا گیا ہے اور تمام کھلاڑی اپنے اپنے رول سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کے مطابق یہی چیز ٹیم کی تیاری اور ذمہ داری کے احساس کو مزید مضبوط بنائے گی۔ہنڈرڈ لیگ میں شرکت کے حوالے سے فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہ اس موقع پر بے حد پرجوش ہیں اور بھرپور کوشش کریں گی کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ مستقبل میں مزید پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بھی ایسے مواقع پیدا ہوں۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں زیادہ تر نئی اور نوجوان کھلاڑیاں شامل ہیں، اس لیے ان کے لیے پیغام ہے کہ وہ کھیل سے لطف اندوز ہوں، خود پر اعتماد رکھیں اور بغیر کسی دبا کے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔