سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت منگل کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق ،رکن قومی اسمبلی رانا عتیق انور، رکن پنجاب اسمبلی اشرف رسول، رکن پنجاب اسمبلی احمد احسن، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی واسا، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، کمشنر گوجرانولہ ڈویژن، ڈی سی شیخوپورہ، ڈی سی نارووال و دیگر افسران نے شرکت کی۔

سینئر وزیر نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے انتظامیہ کو فوڈ، جانوروں کا چارہ، ریسکیو و دیگر تیاریوں کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ممکنہ سیلاب کی صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں، انتظامیہ الرٹ رہے اور متعلقہ اضلاع کو فنڈز کی فوری طور پر منتقلی کی بھی ہدایت کی ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دریائوں میں پانی کے بہائو کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک و دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ فلڈ ریلیف کیمپس پر 24 گھنٹے موجود رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے تحت پیشگی انتظامات مکمل ر کھیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات ہیں کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم سے صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے پنجاب میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں اور ریکارڈ ٹائم میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں، انہوں نے ممکنہ سیلابی صورتحال میں بروقت اور موثر ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے شہریوں کو بروقت معلومات اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

مزید خبریں