ماریسیو پوچیٹینو کی امریکی فٹ بال ٹیم کے ساتھ معاہدے میں توسیع ،2030 کے ورلڈ کپ تک کوچ برقرار رہیں گے

"امریکی فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ماریسیو پوچیٹینو نے اپنے معاہدے میں توسیع پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت وہ 2030 کے ورلڈ کپ تک امریکا کی قومی ٹیم کے کوچ رہیں گے۔”

واشنگٹن ۔4اگست (اے پی پی):امریکی فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ماریسیو پوچیٹینو نے اپنے معاہدے میں توسیع پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت وہ 2030 کے ورلڈ کپ تک امریکا کی قومی ٹیم کے کوچ رہیں گے۔

ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق 54 سالہ ارجنٹائنی کوچ ماریسیو پوچیٹینو نے 2024 میں ٹیم کا چارج سنبھالا تھا اور حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں امریکا کو آخری 16(راؤنڈ آف 16) تک پہنچایا۔ امریکا کی ٹیم ورلڈ کپ میں پہلی بار 3 میچز جیتنے میں کامیاب رہی، تاہم بیلجیئم کے خلاف 1-4 گول سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ ماریسیو پوچیٹینو کی زیرِ نگرانی ٹیم نے 2025 کا کونکاکاف گولڈ کپ فائنل بھی کھیلا تھا۔ ٹوٹنہم اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق مینیجر ماریسیو پوچیٹینو کے بارے میں یورپی کلبوں میں واپسی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم انہوں نے امریکا میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا۔ امریکی فٹ بال فیڈریشن کی صدر سنڈی پارلو کون نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماریسیو پوچیٹینو نے ٹیم میں ایک نیا اعتماد اور بہترین کلچر پیدا کیا ۔ماریسیو پوچیٹینو نے کہا ہے کہ عالمی کپ کے دوران شائقین کے جذبے نے انہیں اس منصوبے پر مزید اعتماد دیا اور وہ صرف میدان کے نتائج ہی نہیں بلکہ ملک میں فٹبال کی ترقی پر بھی دیرپا اثرات چھوڑنا چاہتے ہیں۔