"وزیراعظم کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے وژن کے تحت پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت پاکستان ہائی کمیشن لندن میں دستیاب کر دی گئی ہے۔”
وزیر اعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیا ت کی فراہم کا وژن، پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت پاکستان ہائی کمیشن لندن میں دستیاب

مزید خبریں
لندن ۔4اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے اور قونصلر خدمات میں توسیع کے ویژن کے تحت پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب براہِ راست لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں بھی فراہم کر دی گئی ہے،اب جائیداد کی منتقلی کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں ہوگی نہ ہی انہیں پاکستان کا سفر کرنے کی ضرورت ہو گی۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں براہِ راست دستیاب ہے۔ یہ عمل نہایت آسان ہے جس میں پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ جائیداد کی منتقلی براہِ راست ڈیجیٹل طریقے سے کی جاتی ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ نظام شفاف، تیز رفتار اور کم خرچ ہے اور انہیں اس مقصد کے لیے پاکستان کا سفر کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہتی جس سے سفری اخراجات کی بھی بچت ہوتی ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن نے اپنے اعلان میں مزید کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نےنئے نظام کے تحت جناب فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔دریں اثنا ، برطانیہ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب جائیداد کی منتقلی کا عمل کسی رکاوٹ کے بغیر نہایت خوش اسلوبی سے مکمل ہو رہا ہے اور یہ بہت محفوظ طریقہ ہے ۔ اس جدید طریق کار سے برطانیہ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بہت آسانی پیدا ہو ئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا اور آسان طریقہ کار ہے،اس میں کسی قسم کی پیچیدگی نہیں ہے







