محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، کیپٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے ،کشمیر چوک اور فیصل مسجد انڈر پاسز پر کام آئندہ ماہ شروع کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایمرجنسی 1122 کا باقاعدہ سیٹ اپ نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کیپٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، قانونی تقاضے مکمل کر کے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کے چار نئے سنٹرز پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے۔

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایمرجنسی 1122 کا باقاعدہ سیٹ اپ نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کیپٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، قانونی تقاضے مکمل کر کے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کے چار نئے سنٹرز پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عوام کی سہولت اورٹریفک کی روانی کے لئے 2 نئے انڈر پاس بنیں گے ،کشمیرچوک اور فیصل مسجد انڈر پاس پر کام اگلے ماہ شروع کیا جائے گا ۔اجلاس میں سی ڈی اے کے مستقل ریونیو میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مالی خود انحصاری کے لیے دیرپا ریونیو ماڈل پر کام کیا جائے۔ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ادارے کی مالی مضبوطی بھی یکساں اہمیت کی حامل ہے۔ریونیو بڑھانے کے قابلِ عمل منصوبوں پر جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ ایکسپریس وے سروس روڈ پراجیکٹ پر کام ہر صورت مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف میگا پراجیکٹس پر پیش رفت اور آئندہ منصوبہ بندی پر بریفنگ دی گئی۔