وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بدھ کے روز بہاولپور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے والد سینئر سیاست دان ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
عظمی بخاری کی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ آمد، والد کے انتقال پراظہار تعزیت

مزید خبریں
لاہور۔5اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بدھ کے روز بہاولپور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے والد سینئر سیاست دان ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ خان بھی انکے ہمراہ تھے۔عظمی بخاری اور سمیع اللہ خان نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالی سے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ نہایت سادہ طبیعت، مخلص اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔انہوں نے کہا کہ انہیں2002 سے 2018 تک پنجاب اسمبلی میں مرحوم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا،جہاں انہوں نے ہمیشہ شائستگی، اخلاص اور عوامی خدمت کو مقدم رکھا۔انہوں نے کہا کہ والد کا انتقال کسی بھی اولاد کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہوتا ہے اور ملک ظہیر اقبال چنڑ کے غم میں وہ برابر کی شریک ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر انہیں دلی رنج و غم ہے اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سمیع اللہ خان نے بھی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ملک محمد اقبال چنڑ کے ساتھ ان کا پرانا اور دیرینہ تعلق تھا اور ان کی وفات ایک بڑا نقصان ہے۔








