وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نےکہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہم محفوظ فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ پوری قوم خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہم محفوظ فضا میں سانس لے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ

مزید خبریں
پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نےکہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہم محفوظ فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ پوری قوم خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
یوم شہدائے پولیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال بہادری، جرات اور قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اور پوری قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کے ہر خاندان کے لیے 50 ہزار روپے اضافی اعزازی رقم دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہداء کے ورثاء کو پلاٹوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ انہیں بروقت پلاٹ فراہم کیے جا سکیں۔
اپنی تقریر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال خیبرپختونخوا پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سپیشل برانچ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تقریباً 35 ارب روپے فراہم کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال پولیس کا بجٹ بڑھا کر 180 ارب روپے سے زائد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، اسی لیے صوبائی حکومت کی اولین ترجیح قیام امن ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور عوام کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پائیدار امن اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ 2018 میں جب عمران خان کی حکومت آئی تو وہ واحد دور تھا جب ہم نے امن دیکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور شہریوں کی 20 سالہ قربانیوں سے امن قائم ہوا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر عمران خان کی امن پالیسی پر عمل کیا جائے تو ہم 100 دن کے اندر خیبرپختونخوا میں امن قائم کر کے دکھائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کو مکمل طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے تاکہ یہ ادارہ پوری پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ عوام کی خدمت انجام دیتا رہے۔








