پانچ اگست 2019 بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر حملے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا دن ہے،علی مدد جتک

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019کا دن بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر حملے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا دن ہے۔ انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ یوم استحصال کشمیر پوری پاکستانی قوم کے لیے کشمیری عوام سے تجدیدِ عہدِ یکجہتی کا دن ہے اور پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی …

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019کا دن بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر حملے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا دن ہے۔ انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ یوم استحصال کشمیر پوری پاکستانی قوم کے لیے کشمیری عوام سے تجدیدِ عہدِ یکجہتی کا دن ہے اور پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ویژن کے مطابق ہر حال میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35Aختم کر کے جموں و کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی مگر کشمیری عوام آج بھی پوری جرات و استقامت کے ساتھ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، ماورائے عدالت قتل، خواتین کی بے حرمتی اور نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر مشروط حمایت کی ہے اور شہید بھٹو کا یہ قول کہ ہم کشمیر کے لیے ہزار سال تک جنگ لڑیں گے آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے پانچ اگست کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیر ی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر سال یوم استحصال بھرپور طریقے سے مناتے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی اور بھارت کو بالآخر کشمیر سے اپنا قبضہ ختم کرنا پڑے گا۔