جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا

جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کے زیرِ اہتمام یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا

جدہ۔6اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان کے قونصل خانے اور پاکستانی کمیونٹی کے اشتراک سے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور باھرت کی جانب سے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا۔ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے وہاں براہِ راست وفاقی حکومت کا نظام نافذ کیا تھا۔

مرکزی تقریب پاکستان کے قونصل خانے کے احاطے میں منعقد ہوئی، جہاں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ تقریب کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں شرکا کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں اور علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔

تقریب سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سید فواد شیر، جدہ میں پاکستان کی ڈپٹی قونصل جنرل فرینہ ارشد، کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود احمد پوری اور جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئرمین انجینئر عارف مغل نے خطاب کیا۔ مقررین نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی، غیر اخلاقی اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ،کشمیری عوام کی استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور او آئی سی کے مثبت کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادیں ہی مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پُرامن حل کا بہترین راستہ ہیں ۔

تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے افراد کے علاوہ مقامی میڈیا کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب، مسئلہ کشمیر کے جلد پُرامن حل اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔