وزارت تجارت کی برآمدی شعبوں کی سپورٹ کے لیے 10 ارب روپے کی منظوری ،جام کمال خان

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اعلان کیا ہے کہ وزارت تجارت نے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن سکیموں کے تحت ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت اور دیگر برآمدی شعبوں کے لیے 10 ارب روپے (10,000 ملین روپے) کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد صنعتی لیکویڈیٹی کی بہتری اور برآمدی نمو کا فروغ ہے۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اعلان کیا ہے کہ وزارت تجارت نے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن سکیموں کے تحت ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت اور دیگر برآمدی شعبوں کے لیے 10 ارب روپے (10,000 ملین روپے) کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد صنعتی لیکویڈیٹی کی بہتری اور برآمدی نمو کا فروغ ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ترقی کا اشتراک کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ وزارت تجارت نے ٹیکسٹائل اور ملبوسات سمیت دیگر برآمدی شعبوں کے لیے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اسکیموں کے لیے 10,000 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس سے صنعت کی لیکویڈیٹی میں بہتری آئے گی اور وہ برآمدات کو بڑھانے کے قابل ہو گی ۔توقع ہے کہ منظور شدہ فنڈز سے برآمدات پر مبنی صنعتوں کو انتہائی ضروری لیکویڈیٹی سپورٹ فراہم ہو گی اور تکنیکی اپ گریڈیشن میں بھی سہولت حاصل ہو گی جس سے برآمد کنندگان اپنی مسابقت کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے قابل ہوں گے۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے برآمدی شعبوں کو مضبوط بنانے، صنعت کو سہولت فراہم کرنے اور پائیدار برآمدی نمو کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر حکومت کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔